(وقاص احمد)پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کیلئے دیا گیا وقت ختم، ڈی جے نے ساؤنڈ سسٹم بند کر دیا ،پولیس سے ناکام مذاکرات کے بعدبیرسٹر گوہر اور فیصل جاوید سٹیج سے اتر گئے ۔
دونوں رہنما سٹیج سے اتر کر اپنی گاڑیوں کیطرف چلے گئے ،پولیس نے سٹیج اور پنڈال کو بجلی فراہم کرنے والے جنریٹر بند کر دیئے ہیں ،فیصل جاوید کا میڈیا نمائندوں سے سامنا ہونے پر کہنا تھا کہ لاہور کے جلسے بارے کوئی بات نہیں کروں گا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی جلسے کے ڈی جے نے ساؤنڈسسٹم بند کر دیا تھا ،اہم رہنما سٹیج تو دور جلسہ گاہ ہی نہ پہنچ سکے ،اسد قیصر ، عمر ایوب اور علی امین گنڈا پور تاحال راستے میں ہیں، گزشتہ روز لاہور کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 43 شرائط کی بنیاد پر شام 3 سے 6 بجے تک جلسے کی اجازت دی تھی ۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا جلسے کا وقت ختم ہونے پر کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو جلسے کا دیا وقت ختم ہو گیا ہے،تحریک انصاف کو جو اجازت دی گئی تھی اسکے مطابق وقت ختم ہوگیا،اب لوگ نہیں آئے تو اپنے تمبو قناتیں اور ساؤنڈ سسٹم پیک کریں اور گھر جائیں۔