(24نیوز) قومی احتساب بیورو متحرک،شوگر سیکنڈل میں بڑی حکومتی طلبیاں،نیب راولپنڈی نے میاں اسلم اقبال اور سمیع اللہ چودھری کے بعد صوبائی وزیر محسن لغاری کو بھی 4 مئی کے روز طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر محسن لغاری کو 4مئی کو راولپنڈی کے آفس طلب کیا گیا ہے۔نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم محسن لغاری سے تفتیش کرے گی۔محسن لغاری کو 2018تا 2019میں شوگر پر دی جانیوالی سبسڈی کا ریکارڈ بھی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایکسپورٹ کی اجازت نامہ دینے کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پنجاب میں شوگر ملوں کو دی جانیوالی سبسڈی کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔واضح رہے کہ نیب شوگر سیکنڈل کی تحقیقات منی لانڈرنگ ایکٹ 2010کے تحت کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز قومی احتساب بیورو نے شوگر اسکینڈل میں تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر رہنما و صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال اور سابق صوبائی وزیر برائے خوراک سمیع اللہ چودھری کو طلب کیا تھا۔نیب راولپنڈی نے صوبائی وزیر پنجاب میاں اسلم اقبال کو 4 مئی کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے۔ نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم میاں اسلم اقبال سے تفتیش کرے گی۔سابق صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری کو بھی طلب کیا گیا ہے۔