(24نیوز)پنجاب ڈائیز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے لاہور چیپٹر کے صدر خواجہ خاور رشید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عید تک تمام مارکیٹیں ہفتے میں ساتوں دن چوبیس گھنٹے کھولنے کی اجازت دے دے جس سے رش میں نمایاں کمی ہوگی اور تاجروں کو بھی نقصان سے بچایا جاسکے گا۔
ایک بیان میں خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ حکومت مارکیٹوں کو محدود اوقات کے لیے کھولنے پر بضدہے جس کی وجہ سے تاجربہت پریشان ہیں جن کو کورونا نے پہلے ہی بہت بھاری نقصان پہنچایا ہے اور گاہک بھی افراتفری میں خریداری کے لیے نکلتے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹوں میں انتہائی رش دیکھنے میں آرہا ہے۔ اس سے کورونا کی روک تھام میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔
خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ عقلمندی کا تقاضا یہ ہے کہ عید تک مارکیٹوں کو چوبیس گھنٹے تک کھولنے کی اجازت دے دی جائے۔ اس سے لوگ اپنی سہولت کے اوقات میں خریداری کرسکیں گے اور مارکیٹوں میں رش نہ ہونے کے برابر ہوگا جس سے کرونا کا پھیلا روکنے میں بہت مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ عید کے بعد سٹیک ہولڈرز سے مشورہ کرکے نئے اوقات کار متعین کیے جاسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔13 فیصد سے زائد مثبت کورونا کیسز والے شہروں میں مکمل لاک ڈاﺅن کی تجویز