گرین ایریاز میں بنی غیر قانونی رہائشی سکیموں کواین آر او دینے کافیصلہ

Apr 22, 2021 | 22:25:PM

(24 نیوز)گرین ایریاز میں بنی غیر قانونی رہائشی سکیموں کواین آر او دینے کافیصلہ، پنجاب حکومت کی جانب سے غیر قانونی سکیموں کے لئے تاریخی ایمنسٹی سکیم پرکام شروع کردیا گیا۔
 تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے گرین ایریاز میں بنی غیر قانونی سکیموں کے لئے تاریخی ایمنسٹی سکیم پرکام شروع کردیا گیا،لاہور سمیت پنجاب بھر کی ایک ہزار کے قریب سکیموں کو ایمنسٹی سکیم سے فائدہ حاصل ہو گا،پنجاب حکومت کے منظور شدہ خصوصی بل میں معمولی سزائیں اور جرمانے بھی وضع کر دیئے گئے۔
خصوصی کمیشن کا سربراہ ریٹائرڈ سپریم کورٹ کا جج ہوگا جبکہ 6 رکنی کمیٹی میں بیس سال کے تجربہ کاحامل ٹائون پلانر،سول انجینئر ، قانونی ماہر اور پبلک یاپرائیویٹ سیکٹر کا نمائندہ شامل ہوگا، منظورشدہ خصوصی بل کے مطابق لینڈ یوز کی خلاف ورزی رہائشی زمین کاصرف دو فیصد بطور جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
پارک اور کھلی جگہیں نہ دینے والی سکیموں کو رہائشی زمین کا دوگنی قیمت دے کر ریگولر کرایا جاسکے گا جبکہ قبرستان نہ دینے والی سکیموں کو رہائشی زمین کی دگنی قیمت دے کر ریگولر کرایا جاسکے گا۔
منظورشدہ خصوصی بل کے مطابق عوامی مفاد کی جگہیں استعمال کرنے والی سکیموں کو رہائشی اراضی کی3 گنا قیمت اورایکسیس روڈ نہ دینے والی لینڈ لاک سکیموں کو روڈ کی اراضی کی تین گنا قیمت دے کر ریگولر کرایا جاسکے گا،سکیموں کی اندرونی سڑکیں نہ دینے والی سکیموں کو رہائشی اراضی کی دو گنا قیمت دے کر ریگولر کیا جاسکے گا۔
غیر قانونی سکیموں کو ایمنسٹی سکیم سے بے شمار فوائد حاصل ہونگے جیسے کہ کوڑیوں کے بھائو زرعی زمین خریدنے والے ڈویلپرز ارب پتی بنے کے ساتھ ،سکیموں کے نقشہ پاس کرانے اور قرضہ لینے کے اہل ہوجائیں گے، تیسرا بڑا فائدہ غیر قانونی سکیمیں بجلی اور سوئی گیس کنکشن لینے کی مجاز ہوجائیں گی۔
حکومتی این آر او سے ساری عمر برائون ایریا میں سکیمیں بنانے والے شفاف ڈویلپرز کی حق تلفی اور غیر قانونی سکیموں کے پھیلاو¿ میں ملوث کرپٹ افسران کو بھی تحفظ مل جائے گا جبکہ لاہور شہر کے گرین ایریاز اور غیر قانونی سکیموں کی تعداد 538 کے قریب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومتی فیصلہ مسترد۔۔۔ نجی سکول کھلے رکھنے کا فیصلہ

مزیدخبریں