عمران خان نے حکومت کیلئے نئی مشکلات کھڑی کردیں

Apr 22, 2022 | 09:05:AM
عمران خان، فائل فوٹو
کیپشن: عمران خان، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قوم کو ایک بار پھر اسلام آباد بلانے کا اعلان کردیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے  کہ عوام میری کال کا انتظار کریں، گلی گلی، شہر شہر اور دیہات میں سب تیاری کریں، میں کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتا مگر نئے انتخابات تک اپنی پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ میری کوشش تھی کہ میری حکومت کی آزاد خارجہ پالیسی ہو، ماضی میں ایک فون کال پر ساری باتیں مان لی جاتی تھیں، حکم آیا باہر سے کہ روس کیوں گئے؟، روس ہمیں تیل 30 فیصد سستا اور گندم 30 فیصد کم قیمت پر دے رہا تھا جس سے مہنگائی کم کرسکتے تھے، اس لئے روس گیا تھا، ہماری معیشت درست سمت میں جارہی تھی، ہم نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔

 عمران خان نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور اس کے بیٹوں پر کرپشن کے کیسز ہیں، جس پر کرپشن کیسز ہیں اسے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بنادیا گیا، جن افسران نے ان کے کیسز نکالے، انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

سابق وزیراعظم نے بلاول پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک بچے کو اردو صحیح سے آتی نہیں، بڑے بڑے اس کے آگے جھکتے ہیں، مریم نواز تیار بیٹھی ہے، اس نے زندگی میں ایک گھنٹہ کام نہیں کیا، ان کے پاس چوری کے علاوہ کیا صلاحیت ہے کوئی دوسرا اوپر نہیں آسکتا، شہباز شریف تم پیسے کے غلام ہو، ہم آزاد ہیں، شرم کرو تم نے 22 کروڑ لوگوں کو غلام بناکر رکھ دیا۔

عمران خان نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ تحریک ختم ہوجائے گی، تحریک ابھی زور پکڑے گی، بڑے لیڈرز کو کہا ہے کہ پورے پاکستان میں جاکر لوگوں کو تیار کریں، حقیقی آزادی کی تحریک میں سب کو شامل کرنا ہے، میری کال کا انتظار کریں، میں چاہتا ہوں کہ جلدی سے جلدی الیکشن کا اعلان کیا جائے، ہم ایک جمہوری پارٹی ہیں اور جمہوریت چاہتے ہیں، لیکن کبھی سلیکٹڈ امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے، غلطی ٹھیک کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ جلدی الیکشن کرائیں۔

 عمران خان نے حکومت کے خلاف دھمکی آمیز بیرونی مراسلے کی تحقیقات پر اعلان کردہ کمیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف کےکمیشن کونہیں مانتے،مراسلےمیں سپریم کورٹ میں کھلی سماعت ہونی چاہیے ہم صرف ایک ہی کمیشن مانیں گے،سپریم کورٹ میں کھلی سماعت ہو سب پاکستانیوں کو پتہ چلنا چاہیے کہ کتنی بڑی سازش ہوئی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام 27ویں شب کوشب دعا کے طور پرمنائیں، اللہ سےدعا کریں کہ ہماری حقیقی آزادی کی تحریک کو کامیاب کرے۔

عمران خان نے جلسےمیں عوام سےحلف بھی لیا، حقیقی آزادی اورجمہوریت کیلئے کوئی غلامی قبول نہیں کرینگے، حقیقی آزادی اورجمہوریت کیلئے ہروقت جدوجہد کریں گے۔
 یہ بھی پڑھیں:      صدرمملکت کاشہبازحکومت سے متعلق بڑافیصلہ