قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے پر تحریک انصاف کا ردعمل آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ پر تحریک انصاف کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج ثابت ہوگیا کہ پاکستان میں سیاسی مداخلت ہوئی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے گزشتہ اعلامیے کی توثیق کردی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہوئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہمارے سپیکر قومی اسمبلی خفیہ مراسلے کو عدلیہ کی خدمت میں پیش کرچکے ہیں۔ اب یہ ان کی صوابدید ہے کہ اس پر جوڈیشل کمیشن بنائیں یا نہ بنائیں۔
واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے گزشتہ اعلامیے کی توثیق کردی ہے۔قومی سلامتی کمیٹی کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کو ٹیلے گرام موصول ہوا خفیہ ادارں نے مراسلے کی تحقیقات کیں۔ دوران تحقیقات کسی غیرملکی سازش کے ثبوت نہیں ملے۔ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید خان نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔ سیکیورٹی اداروں کی تحقیقات کا نتیجہ یہ نکلا کہ کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی۔ اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے گذشتہ اجلاس کے فیصلوں کا اعادہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سونا 800 روپے سستا، فی تولہ قیمت کیا رہ گئی؟