وزیراعظم اور ایرانی صدر کی ملاقات، اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے درمیان آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں اطراف کے وزراء اور اعلیٰ حکام موجود تھے، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا اور اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بات چیت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے معذور افراد کیلئے خزانے کے منہ کھول دیئے، ابتک کا بڑا اعلان
پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات ، خاص طور پر تجارت، توانائی، روابط، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو وسیع پیمانے پر بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے اگلے پانچ سالوں میں دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب امریکی ڈالرز تک بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خطرے سمیت مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ایرانی صدر رئیسی اور وزیر اعظم نے غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے 7 ماہ سے زائد عرصے سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں اور محاصرہ ختم کرنے پر زور دیا اور غزہ کے محصور عوام کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد کی اپیل کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام اور ان کے جائز حقوق کے لیے ایران کی واضح اور اصولی حمایت پر ایرانی قیادت بالخصوص سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مؤقف کو سراہا۔