پنجاب اسمبلی کےاجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان کی کراس ٹاک ، شور شرابہ ، اجلاس 2 دفعہ ملتوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز ) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ آ رائی عروج پر ، اپوزیشن اور حکومتی اراکین کا ایک دوسرے پر لفظی وار ، کورم نشاندہی اور شور شرابے کی وجہ سے اجلاس 2 مرتبہ ملتوی کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن رکن اسمبلی رانا آفتاب احمد خان پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کر رہے تھے کہ حکومتی ارکان نے ان پر اعتراض اٹھایا اور شور مچانا شروع کر دیا، جس پر اپوزیشن رہنما رانا آفتاب نے کہا کہ ہاوس میں2 وزیر بھی موجود نہیں ہوتے، خیراتی سیٹوں والے صرف شور ہی مچاسکتے ہیں۔
وزیر پارلیمانی امور میاں مجتبٰی شجاع الرحمٰن نے جوابات دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فری اینڈ فئیر الیکشن ہوا ہے اور آپ بار بار دھونس اور دھاندلی کی بات کرتے ہیں، الیکشن ووٹوں سے جیتے جاتے ہیں۔
صوبائی وزیر پارلیمانی امور میاں مجتبی شجاع الرحمن کے جواب پر اپوزیشن نے شور شرابے کی حکمت عملی اپنائی، اسمبلی میں اپوزیشن رکن اسمبلی رانا شہباز نے کورم کی نشاندہی کی، کورم پوائنٹ آؤٹ کرکے اپوزیشن ارکان ایوان سے باہر چلے گئے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے سیکرٹری اسمبلی ارکان کی گنتی کا حکم دے دیا، کورم پورا نہ ہونے پر 5 منٹ کے لیے اجلاس ملتوی کیاگیا جبکہ ڈپٹی سپیکر ظہیر چنڑ نے 5 منٹ تک گھنٹیاں بجانے کااعلان کیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا لیکن پھر ملتوی کرنا پڑگیا، سپیکر پنجاب اسمبلی نے ہاؤس میں موجود ارکان کی کاؤنٹنگ کی ہدایت کی لیکن کورم پورا نہ ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس 30 منٹ کے لیے ملتوی کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کی اہلیہ کا نمل یونیورسٹی کادورہ