علی امین گنڈاپور سمیت چار پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

Apr 22, 2025 | 12:18:PM

( 24 نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے 5 اکتوبر 2023 کو ہونے والے تحریک انصاف کے لاہور احتجاج اور پولیس پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں عدم پیشی پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے چار اہم رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

عدالت نے یہ فیصلہ تھانہ مستی گیٹ پولیس کی درخواست پر سنایا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے وارنٹس جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزمان بارہا نوٹسز کے باوجود تفتیش میں شامل نہیں ہو رہے۔

 یہ بھی پڑھیں:سابق  کرکٹر  کو 4 سال قید کی سزا

وارنٹ گرفتاری جن رہنماؤں کے خلاف جاری کیے گئے ہیں ان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، سعید سندھو اور شہباز احمد شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ ان چاروں افراد نے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد میں مبینہ طور پر کردار ادا کیا، جس پر تھانہ مستی گیٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ تمام مطلوبہ رہنماؤں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ مقدمے کی کارروائی آگے بڑھ سکے۔ کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ جلد متوقع ہے۔

مزیدخبریں