عالمی مارکیٹ میں امریکی ڈالر 3 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا

Stay tuned with 24 News HD Android App

( 24 نیوز)عالمی مارکیٹ میں امریکی ڈالر تین سال کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گیا کیونکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیڈرل ریزرو کے چیئرمین پر جاری تنقید نے امریکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مجروح کردیا ہے۔
امریکی کرنسی سوئس فرانک کے مقابلے میں گزشتہ روز کی دہائی کی کم ترین سطح کے قریب رہی، جبکہ یورو کے مقابلے میں ساڑھے تین سال کی کم ترین سطح پر برقرار رہی۔
ٹرمپ نے پیر کو ’ٹروتھ سوشل‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے فیڈ چیئرمین جیروم پاول کو بڑا ناکام شخص قرار دیا اور زور دیا کہ وہ ابھی شرح سود میں کمی کریں، بصورت دیگر معاشی سست روی کا خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ کون؟ غیر متوقع نام سامنے آگیا
تجارتی محاذ پر بھی صورتحال کشیدہ ہے۔ چین نے پیر کے روز امریکہ پر ٹیرف کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا اور دیگر ممالک کو متنبہ کیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں اپنے مفادات کو قربان نہ کریں۔ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ مزید شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔
ڈالر کی قیمت سوئس فرانک کے مقابلے میں 0.8095 پر مستحکم رہی، جو گزشتہ سیشن میں دہائی کی کم ترین سطح 0.8042 کے قریب ہے۔
امریکی کرنسی جاپانی ین کے مقابلے میں 140.99 پر تھی، جو پیر کے سات ماہ کی کم ترین سطح 140.48 کے قریب ہے۔ یورو 1.1502 ڈالر پر مستحکم رہا، جبکہ پیر کو یہ نومبر 2021 کے بعد پہلی بار 1.1573 تک پہنچا تھا۔ برطانوی پاؤنڈ 1.3376 ڈالر پر مستحکم رہا، جو پیر کو ستمبر کے بعد پہلی بار 1.3421 تک پہنچا تھا۔
خطرے کے لحاظ سے حساس سمجھا جانے والا آسٹریلوی ڈالر بھی پیر کو 0.6436 امریکی ڈالر کی چار ماہ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا، اور تازہ ترین سیشن میں تقریباً اسی سطح پر برقرار رہی، جہاں اس کی قیمت 0.6414 امریکی ڈالر تھی۔