(24نیوز)خیبرپختونخوا کابینہ کے 31 ویں اجلاس کے لیے 13 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔
کابینہ اجلاس 24 اپریل کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے زیر صدارت ہوگا، خیبرپختونخوا چیریٹی ایکٹ 2019 ترمیم کے مسودے کی منظوری ایجنڈے میں شامل، مغربی پاکستان لینڈ ریونیو رولز 1967 کے تحت رولز کی تیاری ایجنڈے کا حصہ ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صوبائی محتسب کی سفارشات کے خلاف نمائندگی پر غور ہوگا، انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ممبران کی نامزدگی کی منظوری بھی لی جائے گی۔
محکمہ صنعت کے ڈھائی کروڑ روپے کے باقی فنڈز، زرعی تحقیقاتی اصلاحات بل 2025 کی منظوری کابینہ اجلاس میں کی جائے گی، ایجنڈے میں میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن اپیلٹ ٹریبونل رولز 2020 میں ترمیم کی منظوری بھی شامل ہے۔
بی آر ٹی کے لئے اضافی فنڈز کی فراہمی کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، ڈبلیو ایس ایس سی ہری پور کے بورڈ آف ڈائریکٹرز ممبران کی منظوری بھی لی جائے گی۔
اجلاس میں انسداد دہشت گردی عدالت بنوں اور ڈگر کے لئے دو گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی لی جائے گی، سوشل ویلفیئر، خصوصی تعلیم اور خواتین کی بہبود کے شعبوں کے قواعد میں ترمیم بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔