(24 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے شہید کیپٹن کاشف کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا اپنے بیان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں
رائیگاں نہیں جائیں گی ، پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی کا گہوارہ بنائیں گے، شہید افسر کے اہلخانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں۔ ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عدم عملدرآمد کا خمیازہ آئے روز قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔