افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے، عالمی برادری کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا:شاہ محمودقریشی 

Aug 22, 2021 | 20:17:PM

(24 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کابل میں جاری مذاکرات کی کامیابی، افغانستان میں دیرپا امن کیلئے ناگزیر ہے، افغانستان میں قیام امن نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 90 کی دہائی کی صورت حال سے بچنے کیلئے افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے، اس نازک موڑ پر افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عالمی برادری کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے خارجہ امورکے سربراہ جوزف بوریل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال اور علاقائی امن و امان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ٹیلی فونک گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کا حامی ہے، موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستان چاہتا ہے کہ افغان شہریوں کی جان و مال اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کابل میں جاری مذاکرات کی کامیابی، افغانستان میں دیرپا امن کیلئے ناگزیر ہے، افغانستان میں قیام امن نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 90 کی دہائی کی صورت حال سے بچنے کیلئے افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے، اس نازک موڑ پر افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عالمی برادری کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
دوران گفتگو وزیر خارجہ نے بتا یا پاکستان افغانستان سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے انخلا میں بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے،اس سلسلے میں یورپی یونین کو بھی ہر ممکن مدد فراہم کی جائےگی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ جلد خطے کے اہم ممالک کے دورے پر روانہ ہو ں گے تاکہ افغانستان کی موجودہ صورت حال،درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھا جا سکے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور کثیرالجہتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: کیپٹن کاشف شہید کی نمازجنازہ ادا کردی گئی، آرمی چیف بھی شریک

مزیدخبریں