سرکاری افسران کی تمام توجہ وزیراعلیٰ پنجاب کے شہر گجرات پر، اربوں کے فنڈز دینے کی تیاریاں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سرکاری افسران کی توجہ صرف وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے شہر گجرات پر مرکوز ہے، اس سلسلے میں مزید فنڈز دینے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق گجرات کے لیے بجٹ سے ہٹ کر 39 ارب روپے کے فنڈ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ صوبائی اداروں نے نئی تجاویز ایوان وزیر اعلی پنجاب کو پیش کر دیں۔
پنجاب میں اس وقت تمام تر توجہ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے شہر گجرات پر ہے، جہاں آئے روز نئی سفارشات کے انبار ایوان وزیر اعلی پنجاب کو موصول ہو رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبائی اداروں سے بجٹ سے ہٹ کر نئی اسکیموں پر کام ہو رہا ہے، سفارشات طلب کی جا رہی ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق صوبائی اداروں نے وزیراعلی پنجاب کے شہر گجرات کے لیے مزید 39 ارب روپے مالیت کی اسکیموں پر سفارشات ایوان وزیر اعلی کو پیش کر دیں، جس میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ہائی وے پنجاب نے 14 ارب 79 کروڑ روپے کی تجویز دی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے گجرات کو 5 ارب 40 کروڑ مزید دینے کی سفارش کی ہے۔ محکمہ صحت نے گجرات کو 5 ارب 85 کروڑ روپے دینے کی سفارش کی ہے۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے گجرات کو 3 ارب 36 کروڑ روپے دینے کی تجویز دی ہے۔
اسی طرح محکمہ ہائر ایجوکیشن نے گجرات کو 5 ارب 2 کروڑ دینے کی سفارش کی ہے، محکمہ آبپاشی نے 3 ارب 7 کروڑ جبکہ پبلک بلڈنگ نے 1 ارب 44 کروڑ دینے کی سفارشات کیں ہیں۔
اس سے قبل بجٹ دستاویزات کے مطابق گجرات میں 32 ارب روپے مالیت کے منصوبوں پر کام جاری ہے لیکن اب مزید 39 ارب روپے کا فنڈ گجرات کو دینے کی سفارش کی گئی ہے، جسے کابینہ کی منظوری کے بعد باقاعدہ بجٹ کا حصہ بنایا لیا جائے گا۔