بلوچستان میں سیلاب: مشہور گلوکار بھی متاثرین میں شامل

Aug 22, 2022 | 14:47:PM

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچی گانے ’ کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار عبدالوہاب بگٹی کا بلوچستان میں سیلاب کے نتیجے میں گھر بہہ گیا ہے۔ان کی اپنے گھر سے باہر کھڑے ہوئے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جسے دیکھ کر ان کے مداح رنجیدہ ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹس کے مطابق  گلوکار وہاب علی بگٹی حالیہ بارشوں کے سبب شدید متاثر ہوئے ہیں اور بلوچستان میں آنے والے سیلاب میں اُن کا کچی مٹی سے بنا گھر بھی بہہ گیا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹس میں ’کنا یاری‘ گلوکار عبدالوہاب کو چند بچوں سمیت بے یار و مددگار کھڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میں سیلابی صورتحال کے باعث  عبدالوہاب اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کُھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔


دوسری جانب سوشل میڈیا پر اب وائرل اِن پوسٹس کو دیکھ کر معروف شخصیات کی جانب سے عبدالوہاب کے لیے مدد کی اپیل اور اعلان کیا جا رہا ہے۔

مذکورہ پوسٹ پر پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی کمنٹ کرتے ہوئے وہاب علی بگٹی اور بلوچستان کو درپیش سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا۔

حدیقہ کیانی نے اعلان کیا ہے کہ" وہ عطیات جمع کر رہی ہیں اور جلد اپنی سیلاب زدگان مہم 2022 ’وسیلہِ راہ‘ کے ذریعے کوک اسٹوڈیو کے گلوکار وہاب علی بگٹی اور دیگر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے بلوچستان پہنچنے والی ہیں"۔

واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں بلوچی گانا ‘کنا یاری’ 19 جنوری 2022ء کو ریلیز کیا گیا تھا جسے اب تک 30 ملین سے زائد بار سُنا اور دیکھا جاچکا ہے۔

مزیدخبریں