(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے بدھ سے ملک میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ 27 اگست تک جاری رہے گا،جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 22 اگست کو بحیرہ عرب کی مون سون ہوائیں اور مغربی ہوائیں پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جو موسلادھار بارشوں کا سبب بن سکتی ہیں۔
شہر لاہور میں مطلع جزوی طور پر موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں نویں نمبر پرآگیا ہے۔
شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 149ریکارڈ کی گئی ہے۔ فدا حسین 171یو ایس قونصلیٹ میں آلودگی کی شرح 156ریکارڈ، مال روڈ 144،فیز 8 ڈی ایچ اے میں آلودگی کی شرح 134ریکارڈ، فیز 5ڈی ایچ اے123،جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 119ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 23 سے 27 اگست تک کشمیر، گلگت بلتستان، مری ،گلیات ،لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد،گوجرانوالہ،گجرات ،سیالکوٹ،نارووال، قصور، شیخوپورہ ،چترال میانوالی،سرگودھا،خوشاب،فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں روبوٹ کی مدد سے انسانی دماغ میں چپ لگا دی گئی
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 اور 26 اگست کو ڈی جی خان، راجن پور، ژوب، قلات اور خضدار میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے،بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ سیاح حضرات محتاط رہیں ،آندھی اورجھکڑ سے کمزور انفرا اسٹرکچرز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
بارشوں کے باعث 23 سے 26 اگست تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاوراور لاہور میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔