سپریم کورٹ نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست خارج کر دی

Aug 22, 2023 | 11:21:AM

(امانت گشکوری) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر  مریم نواز  کی ضمانت منسوخی کیلئے  نیب کی جانب سے درخواست  سپریم کورٹ نے خارج کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخی  کیلئے درخواست  دائر کی گئی تھی ، نیب نے مریم نواز کے خلاف درخواست واپس لے لی،نیب کی جانب سے کیس میں تحریری جواب عدالت میں جمع کرا گیا جسے چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر کو پڑھنے کی ہدایت کی ۔

یہ بھی پڑھیں:اسد عمر کی گرفتاری کا ڈراپ سین ہو گیا

نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے کہا گیا  کہ مریم نواز کا کیس نیب ترامیم کے بعد قابل سماعت نہیں رہی،  چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ اگر درخواست نمٹائیں گے تو آپ کو پسند آئے گا؟  نیب پراسیکیورٹر  نے جواب دیا کہ درخواست خارج کرنے کی بجائے نمٹا دیں،نیب ترامیم کی وجہ سے موجودہ کیس واپس لے رہے ہیں،عدالت نے مریم نواز کے خلاف نیب درخواست خارج کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔ 

نیب نے 2019 میں شمیم شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر کی تھی، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، حالیہ نیب ترامیم کے باعث یہ کیس نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں رہا جس کے باعث نیب نے درخواست واپس لے لی۔

مزیدخبریں