بٹگرام چیئر لفٹ ریسکیو آپریشن، تمام افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا

Aug 22, 2023 | 18:37:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) بٹگرام چئیر لفٹ میں پھنسے تمام افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  چیئرلفٹ میں ایک استاد اور 7 بچے سوار تھے،  تمام افراد صبح 7 بجے سے ڈولی لفٹ میں پھنسے ہوئے تھے۔ پاک آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو آپریشن میں چیئر لفٹ میں پھنسے تمام افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا،بٹگرام چیئر لفٹ سے باحفاظت نکالنے جانے والوں میں عرفان ولد امریز،نیاز محمد ولد عمر زیب ،رضوان ولد عبد القیوم،گلفراز ولد حکیم داد،شیر نواز ولد شاہ نظر،ابرار ولد عبدالغنی،عطا اللہ ولد کفایت اللہ اور اسامہ ولد محمد شریف شامل ہیں۔



دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ افواجِ پاکستان کا آپریشن بٹگرام کامیابی سے مکمل ہو گیا،پاک فوج نے بٹگرام میں انتہائی پیچیدہ اور مشکل ریسکیو آپریشن کامیاب کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق جی او سی ایس ایس جی نے اس ریسکیو آپریشن کی قیادت کی ،پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم نے 600 فٹ بلندی پر چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا، چیئرلفٹ میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر آرمی ایوی ایشن اور ایس ایس جی کی باصلاحیت ٹیم نے ریسکیو آپریشن کا تیزی سے آغاز کیا ،بعد ازاں پاک فوج کی سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم اور پاکستان ائیر فورس کا ہیلی کاپٹر بھی آپریشن کا حصہ بنا،پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم کو آرمی ایوی ایشن نے مکمل تکنیکی مدد فراہم کی جس کے باعث آپریشن کی کامیابی ممکن ہوسکی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران پاک فوج اور پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بےمثال مہارت اورکارکردگی کا مظاہرہ کیا ،ریسکیو آپریشن کو کامیابی سے پایا تکمیل تک پہنچانے میں مقامی کیبل ایکسپرٹ کی بھی خدمات حاصل کی گئیں،اس آپریشن میں سول انتظامیہ اور مقامی لوگوںنے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ یہ ایک انتہائی مشکل اور کھٹن آپریشن تھا،پاک فوج اور پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی آپریشن کا آغاز کیا،پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم، پاک فضائیہ، لوکل انتظامیہ، اور کیبل ایکسپرٹس کی مدد سے پاکستانی تاریخ کے اس منفردآپریشن کو سرانجام دیکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں عوام کی آواز پر لبیک کہا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور رہیں گی۔