نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا سروسز ہسپتال کی زیر تکمیل نئی ایمرجنسی کا دورہ

Aug 22, 2023 | 19:08:PM

This browser does not support the video element.

(24 نیوز)نگران وزیر اعلیٰ پنجا ب محسن نقوی نےسروسز ہسپتال کی زیر تکمیل نئی ایمرجنسی کا دورہ کیا اور  تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق   نگران وزیر اعلیٰ پنجا ب محسن نقوی نےسروسز ہسپتال کی زیر تکمیل نئی ایمرجنسی کا دورہ کیا ،صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نئی ایمرجنسی میں جاری تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا،فنشنگ کے کام میں تاخیرپر برہمی کا اظہار  کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دن رات ایک کرکے تمام کام جلداز جلد مکمل کئے جائیں، نئی ایمرجنسی کے باہر پڑے پرانے بیڈز دیکھ کروزیراعلیٰ محسن نقوی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے نئی ایمرجنسی میں نئے بیڈزرکھنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلی نے نئی ایمرجنسی میں ایئر کنڈیشن سسٹم کی انسٹالیشن دیکھ کر عدم اطمینان کا اظہار اور سسٹم کوفوری طورپر بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو فوری طور پر بلایا اور نئی ایمرجنسی میں سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہدایات دیں ۔محسن نقوی  نے کہا کہ بیسمنٹ میں جمع ہونے والے پانی کو روکنے کیلئے جامع پلاننگ کی جائے،پوری تسلی کے بعد نئی ایمرجنسی مریضوں کیلئے کھولیں  گے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پرنسپل سروسز ہسپتال کو اپنی نگرانی میں تمام کام اعلی معیار کے ساتھ جلد مکمل کرانے کی ہدایت کی ہے،ایم ایس سروسز ہسپتال بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی  کا کہنا ہے کہ بٹگرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کی سلامتی کے لئے دعا گوہیں۔ اللہ تعالیٰ چیئر لفٹ میں موجود افراد کو اپنی حفاظت میں رکھیں،انشاء اللہ پاک فوج او رائیر فورس کے ہیلی کاپٹر ز او رریسکیو ٹیم بچوں اور اساتذہ کوریسکیو کرنے میں کامیاب ہوگی۔ 

محسن نقوی  کا کہنا ہےکہ پوری قوم چیئر لفٹ میں موجود بچوں اور اساتذہ کے لئے دعائیں کررہی ہے،مشکل لمحہ ہے لیکن انشاء اللہ ریسکیو آپریشن کامیاب رہے گا۔ 

مزیدخبریں