(زین مدنی) نگران وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر کی ہدایت پر ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے سٹیج ڈراموں میں فحش حرکات کرنے والی 18 ڈانسرز پر پنجاب بھر میں پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا اور ان ڈانسرز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب آرٹس کونسل کی سفارش پر ڈانسرز کو شو کاز نوٹس جاری کر دیے۔ ڈانسرز کو اپنا مؤقف دینے کیلئے ایک ہفتہ دیا گیا ہے۔ غیر تسلی بخش جواب پر ان ڈانسرز پر صوبہ بھر میں پابندی عائد کر دی جائے گی۔
جن ڈانسرز کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ان میں مہک بٹ، کومل چوہدری، قسمت شہزادی، نایاب خان، شیلا چوہدری، ایان اختر، سونو بٹ، ندا چوہدری، خوشبو خان، روشانی خان، کاجل چوہدری، سارہ خان، تبسم خان، ماہ نور، جیا بٹ، حرا ڈوگر، وفا علی، اور لائبہ جٹی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: وارننگ کے باوجود سٹیج ڈراموں میں فحاشی کا راج، رقاصاؤں کو شو کاز نوٹس جاری
ہوم ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کیا گیا تھا کہ ڈانسرز سٹیج پر فحاشی اور عریانی پھیلا رہی ہیں۔ عامر میر کی ہدایت پر پنجاب آرٹس کونسل نے شمع تھیٹر، تماثیل تھیٹر، محفل تھیٹر، ناز تھیٹر، ستارہ تھیٹر، الفلاح تھیٹر لاہور، فرینڈز تھیٹر اور میرین تھیٹر ساہیوال کیخلاف بھی کارروائی کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو خط لکھ دیا۔
وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کا کہنا تھا کہ تھیٹرز مالکان بھی فحش تھیٹرز کو فروغ دینے میں ملوث ہیں۔ ثقافتی اداروں میں فحش مجروں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ڈراموں کی آڑ میں بیہودگی اور بےحیائی ہرگز قابل قبول نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تمام ڈانسرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پنجاب آرٹس کونسل کی ٹیمیں تمام تھیٹرز میں ڈراموں کو مانیٹر کر رہی ہیں۔ جہاں بھی غیراخلاقی پرفارمنس ہوگی وہاں ایکشن لیا جائے گا۔