(24نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مذہبی بنیادوں پر تشدد کا شکار ہونے والے افراد کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ کوئی بھی مذہب تشدد کرنے کی اجازت نہیں دیتا،مذہب اور عقائد کی بنیاد پر تشدد شدید قابل مذمت عمل ہے-
مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں مزیدکہاکہ ایسا کوئی مذہب نہیں ہوگاجو دنیا میں مختلف عقائد کے ماننے والوں پر تشدد کی اجازت دیتا ہوگا ،مسلمانوں کو مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا جاتا ہے اوردنیامیں بڑھتا ہوا اسلامو فوبیا اس کی مثال ہے،کئی دہائیوں سے کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر عقائد کی بنیاد پر تشدد کیا جا رہا ہے-
مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان ہر مذہب اور عقیدے کے ماننے والوں کو برابر کا احترام دیتا ہے،پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں سفید رنگ مختلف مذاہب کی نمائندگی ہے،یہاں سب پاکستانی ہیں اوران کے درمیان کوئی تفریق نہیں ہے،اقلیتوں پر اٹھنے والے ہاتھوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کسی سڑک پر ڈکیتی اور جرائم کی صورت میں متعلقہ پولیس افسران ذمے دار ہوں گے،مریم نواز شریف
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزید کہاکہ حکومت پنجاب مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے،اپنے مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تعصب یا تشدد کو روکنا ہوگا جس کے لیے معاشرے میں محبت،رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں،مذہبی تفریق اور نفرت کو ہوا دینے کی کوشش کرنے والوں کو شکست دینا ہوگی۔
مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ تشدد اور تعصب کے خلاف کھڑے ہوں,سب مل کرپُرامن اور محفوظ معاشرے کے لیے کردار ادا کریں۔