(طیب سیف) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے جلسہ منسوخی سے قبل اعتماد میں نہیں لیا، میرے نام سے عدالت میں درخواست جمع ہے، جلسہ ملتوی کرنے جیسا بڑا فیصلہ کرتے وقت مجھ سے پوچھا تک نہیں گیا۔
پی ٹی آئی ترنول جلسہ ملتوی ہونے پر محمود اچکزئی ناخوش ہوئے، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین اور اخونزادہ حسین یوسفزئی شریک ہوئے، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس بھی شریک ہوئے، اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا کو بھی بلایا گیا۔
متحدہ اپوزیشن اجلاس میں ترنول جلسہ منسوخی سے متعلق تحفظات سامنے آگئے، محمود اچکزئی نے اجلاس میں شکوہ کیا کہ پی ٹی آئی نے جلسہ منسوخی سے قبل اعتماد میں نہیں لیا، میرے نام سے عدالت میں درخواست جمع ہے، جلسہ ملتوی کرنے جیسا بڑا فیصلہ کرتے وقت مجھ سے پوچھا تک نہیں گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی جلسے کیلئے کارکنان پیسے دیکر اکٹھے کیے گئے؟ علی امین گنڈا پور کی 5،5ہزار روپے بانٹنے کی ویڈیو وائرل
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین، محمودخان اچکزئی کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتے رہے، تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ترنول جلسہ گاہ جانے کا فیصلہ کیا، محمود اچکزئی کی سربراہی میں اپوزیشن وفد جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہو گئے۔