رحیم یار خان:کچے کے ڈاکوؤں کا راکٹ لانچر سے حملہ، 12اہلکار شہید، 7زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عاصم صدیق)رحیم یارخان کے علاقے ماچھکہ کچے میں پولیس موبائل پر ڈاکوؤں کی جانب سے راکٹ لانچر سے حملے کی اطلاعات آئی ہیں جس میں 12 پولیس اہلکار شہید ،7 زخمی اور 4 لاپتہ ہو گئے ہیں ۔
پولیس کے مطابق کچے کے علاقے ماچھکہ پولیس کیمپ ٹو کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس قافلے پر حملہ کیا ،قافلے میں متعدد پولیس اہلکار لاپتہ ہوگئے ہیں،ڈاکوؤں نے15 دن کی ڈیوٹی سر انجام دے کر گھروں کو واپس جانے والے اہلکاروں پر حملہ کر کے انہیں شہید کیا، پولیس گاڑی خراب ہونے پر ڈاکوؤں نے گھیراؤ کرکے حملہ کیا،حملے میں زخمیوں اور لاشوں کو شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جارہاہے، حملے میں مزید اہلکاروں کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر کچے کے ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت اور شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ، صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے، صدر مملکت نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔
پولیس جوانوں کی گاڑی پر کچے کے ڈاکوؤں کے حملے پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی شدید الفاظ میں مزمت اور پولیس جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار، وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ساتھ ہی انہوں نے زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی، وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں،کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کاروائی کی جائے۔
وزیرِ اعظم نے حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جرائم جرائم پیشہ افراد اور تخریب کاروں کا سد باب کرتے ہیں،مجھ سمیت پوری قوم پولیس کے بہادر اور فرض شناس افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے.
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی کچے کے ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج اوردکھ کا اظہار کیا،وزیراعلیٰ کاماچھکہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کیلئے حرف عقیدت،سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت ،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی لاپتہ پولیس اہلکاروں کوبازیاب کرانے کیلئے آپریشن کا حکم، زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی، مریم نواز نے کہا کہ کچے کے علاقے میں جامع شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو کچے کے علاقے میں پہنچنے کی ہدایت کر دی،سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی نگرانی کریں گے،وزیر اعلیٰ پنجاب کا لاپتہ پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے موثر آپریشن کی ہدایت ،آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی بھی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ ہوں گے،پولیس پر حملہ کرنے والوں کو منتقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سینئر افسران سمیت رحیم یار خان کے لئے روانہ ہو گئے ، اس موقع پران کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں پولیس گاڑیوں پر راکٹ لانچر حملے میں اب تک 09 اہلکاروں کے شہادت کنفرم ہو گئی ہے، حملے میں بیشتر پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔