(24 نیوز) مقبوضہ کشمیر کی سینئر سیاسی رہنما اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ پارٹی کے دو سینئر لیڈروں کو ڈی ڈی سی انتخابات کے ووٹ شماری سے ایک روز قبل ہی نظر بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے سینئر لیڈروں کی نظر بندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں قانون کی بالادستی نہیں ہے بلکہ غنڈا راج چل رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی پی کے سرتاج مدنی اور منصور حسین کو غیر قانونی طور پر آج ڈی ڈی سی انتخابات کی ووٹ شماری کے موقعے پر نظر بند کردیا گیا، یہاں ہر سینئر پولیس افسر اس سے بے خبر ہے کیونکہ یہ ’اوپر سے آرڈر‘ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ڈٰ پی کے دونوں لیڈروں سے ایک بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے ضلع اننت ناگ میں پوچھ گچھ کی۔