(24نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانا بہت آسان ہے، مجھے لگتا ہے ٹاپ مین کو بلانا پڑے گا۔ آپ یہاں پر قانونی تحفظ تو لے لیں گے قبر میں خود جواب دے دیجیے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے قادیانیوں کے خلیفہ کا نام گوگل سرچ سے ہٹانے کی ایڈووکیٹ محمد اظہر حسیب کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل کو ڈانٹ دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانا بہت آسان ہے۔ حکومت ایسے کیسز خود دائر کرتی ہے۔ گوگل پر پچھلے 20 سے 22 دن سے چل رہا ہے مگر حکومت سوئی ہے، چیف جسٹس نے تمام فریقین کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل کے استعمال پر پابندی لگائی جائے سوشل میڈیا خود غلط نہیں بلکہ اس کا استعمال غلط ہوتا ہے۔ حکومت اگر پب جی پر پابندی لگاسکتی ہے تو ایسے اقدام پر فوری فیصلہ کیوں نہیں کرتی.