(24نیوز) ڈیفنس میں گھریلو ملازمہ گھر سے کروڑوں روپے کا مال بٹور کر فرار ہوگئی۔پولیس کے مطابق ملازمہ کو 2 روز قبل ہی کام کے لیے رکھا گیا تھا جس نے گھر کی خواتین کو اکیلا دیکھ کر قہوے میں نشہ آور شے ڈال کر پلائی اور لوٹ مار کرکے فرار ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہےکہ ڈیفنس بدر کمرشل میں گھر میں کام کرانے والی ماسی نقد رقم، کروڑوں روپے مالیت کا سونا، پرائز بانڈز اور انٹرنیشنل کرنسی لوٹ کر گئی جس کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ مقدمہ گھر کے مالک علی رضا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس نے بتایا کہ ہمارے گھر کے اوپر کام کرنے والی ماسی ذکیہ نے 2 روز قبل کام کاج کے لیے ثمینہ نامی ماسی رکھوائی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ماسی نےگزشتہ روز قہوہ بنایا اور اس میں نشہ آور شے ملا کر میری بیوی اور والدہ کو پلا دی، جس سے وہ بیہوش ہو گئے۔گھر کے مالک کاکہنا تھا کہ ماسی گھر سے 50 تولہ طلائی زیورات، نقد رقم اور ڈھائی لاکھ روپے لوٹ کر لے گئی، جب کہ ہزار درہم، 10سے 12 لاکھ کے پرائز بانڈ اور دیگر قیمتی سامان بھی چوری کیا گیا ہے۔