(24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف علی زرداری کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت میں 12 جنوری تک توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں آصف علی زرداری کے وکیل جاوید وینس نے موقف اختیار کیا کہ فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مصروف ہیں۔ عدالت نے ترمیم شدہ درخواست دائر کرنے کی اجازت دی تھی لیکن درخواست ابھی تیارنہیں ہوئی۔نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ میں نیب نے آصف علی زرداری کو کتنی بار طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔وکیل جاوید وینس نے کہا کہ موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد آصف علی زرداری نیب کے سامنے پیش ہو جائیں گے۔اس موقع پرجسٹس عامرفاروق کے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر دیکھ لیتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے۔