آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کمان  سنبھال لی

Dec 22, 2022 | 18:08:PM

(24نیوز)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب محمد عامر ذوالفقار خان نے پنجاب پولیس کی کمان باضابطہ طور پر سنبھال لی، چارج لینے کے بعد سنٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس، میڈیا نمائندگان کو اپنی پالیسی ترجیحات بارے آگاہ کیا۔ 

آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور انکی بے لوث خدمت میری اولین ترجیح ہے،ملک میں دہشت گردی کی حالیہ صورت حال کے پیش نظر سکیورٹی اقدامات کا مزید موثر بنایا جائے گا،آئین کی حکمرانی اور قانون کی مکمل پاسداری میرا نصب العین ہوگا،جو افسر اچھا کام کرے گا اسے بہترین پوسٹنگ ملے گی،اضلاع اور ریجنز کے دورے کروں گا اور مسائل کو گراس روٹ لیول پر حل کیا جائے گا،جرائم کنٹرول کیلئے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو مزید فروغ اور جدید رحجانات کو اپنا یا جائے گا،پولیس فورس کا مورال بلند کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پہلے جزا پھر سزا کی پالیسی کے تحت شفاف، غیر جانبداراحتساب میری پالیسی کا اہم حصہ ہے جسے ہر سطح پر لاگو کرکے کالی بھیڑوں کو محکمہ سے نکال باہر کیا جائے گا۔

 آئی جی پنجاب نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہاکہ پولیس کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، نفری کی کمی، شفٹ سسٹم کی بحالی اور فورس کی ویلفیئر کیلئے موثر لائحہ عمل ترتیب دیاجائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس کے سینکڑوں جوانوں نے عوام کی جا ن ومال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، مستقبل میں بھی فرائض کی ادائیگی میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہدائے پولیس کی فیملیز کو ہر ممکن سہولت اور ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے کہا انویسٹی گیشن کے معیا رمیں بہتری کیلئے ڈکیتی، رابری، قتل اور زیادتی سمیت ہر کیٹیگری کے مقدمات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا اصول اپنا یا جائے گا اور تھانوں کی انسپکشن میں تیزی لائی جائیگی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس فورس کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف دیا جاسکے۔ 

مزیدخبریں