جلدی الیکشن نہ کرائے گئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا:عمران خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ قانون اور انصاف سے اوپر کچھ نہیں ہے،جتنی جلدی الیکشن ہوگا اتنی جلدی مسائل حل ہوں گے، 70 سال میں قوم کو اس طرح اندھیرے میں جاتے نہیں دیکھا، ہماراملک دلدل میں پھنستا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لا ہور میں گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئےسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری دو صوبوں میں حکومت ہے، 66فیصد حصےمیں ہماری حکومت ہے، اس کے باوجود الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں کیوںکہ ملک میں جلدی الیکشن نہ کرائے گئے تو ملک سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا،میرا سوال ہے کہ آج ہمارے پاکستانیوں کو سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟ایک بار عوام کھڑی ہوئی تھی ’’روٹی کپڑا مکان‘‘ کیلئے،عوام کے حق کی بات ہوئی تھی غریب عوام کیلئے آواز آٹھائی گئی تھی تو عوام اکھٹی ہوئی تھی،آج عوام رول آف لاء کیلئے اکھٹی ہوئی ہے۔
میں اداروں سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو ملک کی فکر ہے کہ نہیں؟ان سے پوچھ رہا ہوں جنکا سٹیک پاکستان میں ہے،کہیں سب کچھ ہاتھ سے نہ نکل جائے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک میں ٹیکس کلیکشن کم ہوتی جارہی ہے، کورونا کے باوجود انڈسٹری اوپر آرہی تھی، ٹیکسٹائل انڈسٹری کی وجہ سے ایکسپورٹ بڑھی، آج فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، مزدور بے روزگار ہورہے ہیں، ڈالر کم آرہے ہیں، قرضے بڑھتے جارہے ہیں، خوف ہے کہ قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کیلئے ڈالر نہیں، کسی طبقے کو روشنی نظر نہیں آرہی، امید ختم ہوگئی ہے، ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔