(24نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کےخلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس میں عدالت نے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو جیل ٹرائل کیلئےخط لکھ دیا اور سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت سینئر سول جج قدرت اللہ نے کی،درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی ایڈوکیٹ کے معاون وکیل عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور کہا کہ رضوان عباسی ایڈوکیٹ کچھ دیر میں عدالت پہنچ جائیں گے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ ملزمہ بشریٰ بی بی نے آج عدالت پیش ہونا ہے، کیا آرڈر ہے اڈیالہ یا کچہری پیش ہوں، سینیئر سول جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ملزمہ آج عدالت میں پیش ہوں۔
رضوان عباسی نے کہا کہ آج آپ نے ہائیکورٹ کو جیل ٹرائل کے لیے لیٹر لکھنا ہے،رجسٹرار ہائیکورٹ کو آگاہ کرنا ہوگا،ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کرنی ہیں،چالان کی نقول تقسیم کرنے کے 7 دن بعد چارج فریم ہوگا،قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے آپ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کرنا ہوگا۔
بعد ازاں عدالت نےبشریٰ بی بی کے آنے تک کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا،وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان گل عدالت میں پیش ہوگئے،وکیل بشری بی بی نے کہا کہ عدالت نے جیل ٹرائل کا آرڈر کیا تھا،ہم نے بشریٰ بی بی کو جیل بھیج دیا،ضمانتی مچلکے تیار کرلیے گئے ہیں،جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ملزمہ کو عدالت بلانا ہوگا، جب پتا لگ چکا کہ جیل میں ٹرائل نہیں ہے تو ان کو آجانا چاہیے،وکیل بشری بی بی نے کہا کہ ہمارے پاس انفارمیشن ہے کہ بشریٰ بی بی کا عدالت آنے میں خطرہ ہے۔
جج قدرت اللہ نے استفسار کیا کہ آج رش نہیں ہے عدالت بھی خالی ہے آپ پیش کریں،فائنل ہے انہوں نے آنا ہوگا، میری طبیعت بھی ٹھیک نہیں ہے،جیل اتھارٹیز کو آگاہ کردیا گیا تھا تو وہ وہاں کیوں گئی ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے ان کے آنے تک سماعت میں ایک بار پھر وقفہ کردیا۔
وقفے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو وکیل بشریٰ بی بی نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے آرڈر کیے تھے کہ جیل ٹرائل ہوگا،بشریٰ بی بی صبح جیل پہنچ گئی تھیں عدالت نے بعد میں بتایا،جیل جیمرز کی وجہ سے بشریٰ بی بی کے ساتھ رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے،عدالت نے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو جیل ٹرائل کیلئے خط لکھ دیا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی۔