عمران خان، پرویز الٰہی، علیم خان سمیت متعدد رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی جمع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اختر مجاز،سعید احمد سعید ،فرحان اعجاز ) سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان کے لاہور کے بعد میانوالی سے کاغذات نامزدگی جمع ہو گئے۔
ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا جس کے مطابق امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ زورو شوروں سے جاری ہے یہ سلسلہ 2 روز قبل شروع ہوا تھا (20 دسمبر )اور الیکشن کمیشن کی جانب سے مدت میں 2 روز کی توسیع کے باعث آئندہ 2 رو تک جاری رہے گا، ایسے میں سابق چئیرمین پی ٹی آئی نے حلقہ این اے 89 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی بلال عمر بودلہ نے جمع کرائے ،جبکہ ان کے مدمقابل استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے میجر خرم حمید روکھڑی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے، انعام اللہ خان نیازی نے پی پی 87 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں ۔
پرویز الٰہی اور مونس الٰہی
دوسری جانب منڈی بہاؤالدین کے حلقہ این اے 69 سے چودھری پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے گئے ہیں ، چودھری پرویز الٰہی کےکاغذات نامزدگی وکلا کی بڑی تعداد نے جمع کروائے، حیران کن طور پر سابق وفاقی وزیر اور چودھری پرویز الٰہی کے فرزند مونس الٰہی نے بھی اسی حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔
عبدالعلیم خان
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے بھی آج 2 حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں ہیں ، انہوں نے اب تک 3 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ، پہلا حلقہ این اے 122 لاہور سے ہے جہاں وہ عمران خان کا مقابلہ کریں گے دوسرا حلقہ جہانیاں کا این اے 147 سے ہے جہاں سے آج انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ، تیسرا حلقہ این اے 117 شاہدرہ سے انہوں نے قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا ہے ، ساتھ ہی ساتھ وہ اسی جگہ سے (پی پی 149)صوبائی سیٹ پر انتخاب لڑنے جا رہے ہیں ۔
جہاںیاں میں عبدالعلیم خان کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروادیے گئے ہیں ،ان کے مدمقابل اسی حلقے (این اے 147 )سے ہمایوں خان ایڈووکیٹ،شمشاد علی تاشی،استحکام پاکستان پارٹی کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن ایاز خان نیازی ،نے بھی کاغذات نامزدگی فارم جمع کرادیئے ہیں ،غلام عباس سوترک،حمزہ ہمایوں،جنید جاوید،سمیت 11 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی فارم جمع ہوئے ہیں ۔
سراج الحق
امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لوئیر دیر 2 کے حلقے این اے 7 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں ،جماعت اسلامی کے امیدواروں نے مختلف اضلاع سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے بنوں این اے 39 کیلئے کاغذات جمع کرائے ہیں ،جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے مردان پی کے 61ے لئے کاغذات جمع کرائے ہیں،سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے اپر دیر پی کے 13 کے لئے کاغذات جمع کرائے ہیں ۔
دانیال عزیز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما دانیال عزیز نے بھی این اے 75 ظفر وال سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں ،دانیال عزیز کے ہمراہ پی پی 54 سے چودھری اویس قاسم نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کر ادیئے ہیں ، واضح رہے کہ پی پی 54 سے پروفیسر احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال نے بھی کاغذات نامزدگی لے رکھے ہیں ،احمد اقبال اور اویس قاسم کے مابین ٹکٹ کے تنازعہ پر دانیال عزیز اور احسن اقبال میں تنازعہ چل رہا ہے ،دانیال عزیز کو ن لیگ کے صدر کی جانب سے شو کاز نوٹس بھی جاری ہوچکا ہے ،دانیال عزیز پارٹی کی ہدایات کے باوجود بھی آزاد امیدوار اویس قاسم کے ہمراہ پہنچے ہیں ،دانیال عزیز اور اویس قاسم سینکڑوں حامیوں کیساتھ آر او آفس پہنچے ہیں ۔