(عثمان خان) الیکشن کمیشن نے آئندہ سال فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین کےلئے درخواستیں دینے کا وقت 20 جنوری تک بڑھا دیا۔
ذرائع کے مطابق عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ کر لیا، الیکشن کمیشن نے غیر ملکی مبصرین کےلئے درخواستیں دینے کا وقت بڑھا دیا، غیر ملکی مبصرین اب 20 جنوری تک درخواستیں دے سکیں گے، غیر ملکی مبصرین کو درخواستیں دینے کا وقت پہلے 31 دسمبر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ضمانت ، سپریم کورٹ تحریری فیصلے نے بانی پی ٹی آئی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ غیرملکی مبصرین سے متعلق فیصلے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اجلاس میں ہوئے جس میں بین الوزارتی اجلاس وزارت خارجہ، داخلہ، انٹیلی جینس حکام شریک تھے۔
اجلاس میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ اب تک پاکستان میں مقیم غیرملکی میڈیا کے 103 نمائندگان کا رسپانس آیا جبکہ یورپی یونین اور کامن ویلتھ ممالک کے وفود مشاہدہ کےلئے آئیں گے۔
دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 2 لاکھ ایکریڈیشن کارڈز چھاپے ہیں، الیکشن کمیشن اوپن ڈور پالیسی کےتحت غیرملکی مبصرین کا معاملہ دیکھےرہا ہے۔
واضح رہے کہ بین الوزارتی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 10 جنوری 2024 کو ہو گا۔