(ویب ڈیسک) اپنے خاموش مواد اور منفرد ویڈیو کلپس سے دھوم مچانے والے معروف ٹک ٹاکر " خابی لیم" کیلئے اللہ کا بلاوا آگیا ہے، انہوں نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی ہے۔
خابی لیم کا تخلیقی مواد خاموش ہوتا ہے اور وہ اپنی آواز کا استعمال کیے بغیر دلچسپ ویڈیو بنانے کی مہارت رکھتے ہیں۔ ان کی تقریباً ہر ویڈیو پر لاکھوں، کروڑوں لائکس ہوتے ہیں، خابی نے صرف ہاتھوں کے اشاروں سے مزاحیہ ویڈیوز اور مشکل ’لائف ہیکس‘ کو آسان کرکے دکھاکر خاموشی سے شہرت سمیٹی۔
خابی ایک سینیگال نژاد اطالوی شہری ہیں جن کے ٹک ٹاک پر 162 ملین سے زائد جبکہ انسٹاگرام پر 81 ملین سے زائد فالوورز ہیں۔ گزشتہ برس خابی لیم نے اپنے مذہب سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ نہ صرف ایک باعمل مسلمان ہیں بلکہ وہ حافظِ قرآن بھی ہیں۔
حال ہی میں خابی لیم نے عمرے کے سعادت بھی حاصل کرلی جسکی ویڈیو اور تصویر انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی۔تصویر اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ احرام میں ملبوس خابی لیم عاجزانہ انداز میں کعبے کے سامنے کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی حکام نےمیزائل مار کر غلطی سے اپنا ہی طیارہ مار گرایا
پوسٹ کے کیپشن میں خابی لیم نے اِن روح پرور لمحات میں اپنے جذبات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں صرف الحمدللہ کہنا چاہتا ہوں، اللہ نے مجھے سب کچھ نواز دیا ہے، خاص طور پر آگے بڑھنے اور اپنے خوابوں پر یقین کرنے کی طاقت‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ "میں نے زندگی میں بہت سے مسائل کا سامنا کیا ہے اور جب سب کچھ ناممکن نظر آتا تھا، تب میرے ایمان نے مجھے ثابت قدم رکھا، اللہ تیرا شکر ہے کہ تو ہی میری واحد امید ہے"۔