بارش ہوگی یا نہیں ؟ محکمہ موسمیات  نے اہم پیشگوئی کردی 

کڑاکے کی سردی ،سڑکوں پر پانی جم گیا، بارش کا امکان،پارہ منفی 10 تک گر گیا

Dec 22, 2024 | 10:26:AM
بارش ہوگی یا نہیں ؟ محکمہ موسمیات  نے اہم پیشگوئی کردی 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) ملک بھر میں کڑکڑاتی سردی نے دانت بجا دیے، بالائی علاقوں میں ہرطرف برف ہی برف ہے جبکہ گلگت بلتستان میں پارہ منفی دس تک گر گیا اور آبشاریں اور جھیلیں بھی جم گئیں۔

کراچی تا چترال، موسم سرما جوبن پر آگیا ہے، گلگت بلتستان کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، غذر میں منفی دس کی سردی سے آبشار، جھیل اور پانی کی لائنیں جم گئیں۔

غذر کی مشہور خلتی جھیل بھی جم گئی، جسے دیکھنے سیاحوں کی بڑی تعداد امڈ آئی اور بچوں نے خوب ہلہ گلہ کیا ،لیہہ میں سب سے زیادہ سردی منفی تیرہ کی پڑی، اسکردو میں منفی گیارہ، گوپس میں درجہ حرارت منفی نو ریکارڈ کیا۔

پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے وادی کاغان کا حسن نکھر آیا، سیاح برف کا نظارہ کرنے شوگران پہنچ گئے ، سوات کے بالائی مقامات مالم جبہ اور کالام میں برفباری سے پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا ہے، بلوچستان میں بھی سرما انتہا پر ہے، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی پانچ، قلات میں منفی چھ تک پہنچا تو تالاب اورسڑکوں پرجمع پانی جم گیا۔

کراچی کا موسم بھی مزید سرد ہوگیا ہے، جہاں رات کو درجہ حرارت نو ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور صبح سویرے درجہ حرارت گیارہ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گزشتہ روز چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا  ، شہر کا موجودہ درجہ 13 ڈگری ریکارڈ  کیا گیا ، ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد ہے جبکہ شمال مشرق سمت سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ آنے والے دنوں میں موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے جبکہ  دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی ساتویں نمبر پر آگیا۔کراچی کے آلودہ علاقوں میں گلشن اقبال سرفہرست ہے ،اےکیو آئی 196 ریکارڈ  کیا گیا۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی سرد رہے گا جبکہ پنجاب میں کل سے بارش ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اے آئی کی انسان نما تصویر نے صارفین کو حیرت میں مبتلا کردیا

دوسری جانب  باغوں کے شہر  میں بادلوں نے سورج کا راستہ روک دیا ،شہر  میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا ،ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے فضائی آلودگی میں بھی معمولی کمی  ہوئی،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  ،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 اور کم سے کم 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ٹھنڈی ہواؤں کے باوجود شہر لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ائیر کوالٹی  انڈیکس کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی شرح 291 ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ملک بھر میں لاہور آلودگی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آگیا ، فیز 8 ڈی ایچ اے 841 , عسکری 10میں678 , پاور زون ہیڈ آفس میں 628 ، بلاک اے جوہر ٹاؤن  میں 613  ، رائیونڈ روڈ  میں 553 ، پولو گراؤنڈ کینٹ میں  538 ، یونیورسٹی آ ف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں 416 فضائی آلودگی کی شرح  ریکارڈ کی گئی ۔