سپیکر کا حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم،کل پہلا اجلاس طلب کرلیا

Dec 22, 2024 | 14:24:PM

(24 نیوز )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کمیٹی بنانے کا خیر مقدم کیا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کو ملاقات کی دعوت بھی دیدی ہے، دونوں کمیٹیوں کا پہلا اجلاس کل سیپکر چیمبر میں دن 11 بجے ہو گا۔

سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ مسائل مذاکرات سے حل کرنےکیلئے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے، دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ 

 یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے بھی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیرمقدم کیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے اپنی جماعت کو سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کی تجویز دیدی ہے۔

مزیدخبریں