جماعت اسلامی کا 25دسمبر سے کسان تحریک اور 29دسمبر کو فلسطین مارچ کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نےکہا ہے کہ کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے 25دسمبر سے تحریک کا آغاز کر رہے ہیں جبکہ 29 دسمبرکو اسلام آباد میں عظیم الشان فلسطین مارچ کرینگے۔ کارکنان بڑی کال کے لیے تیار رہیں اور گلی محلوں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نےسخاکوٹ ملاکنڈ میں دستاربندی اور ختم بخاری شریف کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بتا دیا بجلی کی قیمتیں کم کرو ورنہ ہم سڑکوں پر دوبارہ آئیں گے اور ہمارا یہ احتجاج عوامی مسائل کے حل تک جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چہرے بدلنے سے حالات ٹھیک نہیں ہونگے بلکہ ملکر اجتماعی جدوجہد کے ذریعے نظام بدلنا ہےاور جماعت اسلامی عدل کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام استحصالی اور طبقاتی ہےجبکہ پاکستان میں اس وقت دس کروڑ انسان غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور اس مہنگائی اور بے روزگاری کے دور میں زندگی گزارنا مشکل ہے لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت جاگیرداروں پر ٹیکس عائد کرے، چھوٹے کسانوں کور یلیف دے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن میں تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ جماعت اسلامی دنیاوی معاملات کو دین کے تابع کرنا چاہتی ہے اوردینی مدارس کا دین کے فروغ کےساتھ ساتھ خواندگی بڑھانے میں بھی بہت اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین سے دوری کی وجہ سے لوگ بہن بیٹیوں کو وراثت میں حق نہیں دیتے اورعمعاشرہ بہن بیٹیوں کو عزت کےساتھ تعلیم و روزگار کے مواقع بھی نہیں دے رہا کیونکہ بہن بیٹیوں کو وراثت میں حصہ دینا سب کی دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ منظم سازش کے ذریعے مسلمانوں کو دین سے دور کیا جارہاہے اور ایسے حالات میں علماء اور دینی مدارس کے طلبہ کا کردار مذید اہم اور بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں نوجوانوں کی تعداد 65 فیصد ہیں اورہمارا ملک تمام قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جبکہ نا اہل لوگ مسلط ہیں جس سے ملک مسائل کا گڑھ بنتا جارہاہے ۔ بے روزگاری مہنگائی کی وجہ سے نوجوان بے راہ روی کے شکار ہیں اس لیے ہمیں منشیات جیسے لعنت کے خلاف بھی جہاد کرنا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد امریکہ ہے اورامریکہ اسرائیل کےساتھ مل ک فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرسمس پر گھر لوٹنے والوں کی کشتی دریا میں ڈوب گئی، 38 ہلاک