روس : برڈفلو  کی قسم H5N8 کے انسانوں میں منتقلی کا پہلا کیس سامنے آ گیا

Feb 22, 2021 | 09:47:AM

(24 نیوز)روسی سائنس دانوں نے ملک میں پرندوں کو لاحق ہونے والی بیماری ’برڈ فلو‘ کی ایک قسم H5N8 (ایوین) کے انسانوں میں منتقلی کے پہلے کیس کی تصدیق کی ہے۔ روس نے عالمی ادارہ صحت  کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ ویکٹر  نامی لیبارٹری میں کام کرنے والے سائنس دانوں نے اس کیس کو اس وقت دریافت کیا جب انہوں نے ایک پولٹری فارم میں کام کرنے والے سات ورکرز سے حاصل کردہ نمونوں کی جانچ پڑتال کی جن میں اس وائرس کی علامات تھیں۔اس پولٹری فارم پر گزشتہ دسمبر میں پرندوں میں فلو کی پھیلنے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں۔ان کارکنوں میں صحت کے کوئی سنگین نتائج ظاہر نہیں ہوئے تھے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ان میں وائرس پولٹری فارم کے ذریعے ہی منتقل ہوا ہے۔ایوین فلو وائرس کی کئی اقسام ہیں جن میں H5N8 پرندوں کیلئے مہلک ہے تاہم اگر یہ انسانوں میں منتقل ہو جائے تو کرونا کی طرح تیزی سے دوسرے انسانوں میں منتقل نہیں ہوتا۔اس سے قبل اس قسم کے وائرس کی انسانوں میں منتقلی کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی تھی۔دریں اثنا عالمی ادارہ صحت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روس نے اس وائرس سے متعلق آگاہ کیا ہے۔ادارے کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ روسی حکام سے مزید معلومات اکٹھی کر رہا ہے تاکہ اس کے صحتِ عامہ پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

مزیدخبریں