(24نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید کے سینٹ انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل پر لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب ہاؤس کے متعلقہ افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو کل کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونل نے پرویز رشید کی اپیل پر سماعت کی جس میں ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کیا گیا۔پرویز رشید کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے نشاندہی کی کہ پنجاب ہاؤس نے واجبات ادا کرنے کے لئے فوٹو کاپی نوٹسز جاری کئے۔ اس کے باوجود پرویز رشید نے واجبات ادا کرنے کی کوشش کی لیکن واجبات وصول نہیں کئے گئے۔
اپیلٹ ٹربیونل نے استفسار کیا کہ پرویز رشید نے مقررہ وقت پر رقم جمع کیوں نہیں کرائی۔وکیل کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلوں کے تحت یہ رقم کسی بھی وقت جمع کرائی جا سکتی ہے۔ وکیل نے دعویٰ کیا کہ پرویز رشید 28 گھنٹے رقم لے کر پھرتے رہے لیکن کسی نے رقم وصول نہیں کی۔جسٹس شاہد وحید نے باور کرایا کہ پرویز رشید نے جب پنجاب ہاؤس چھوڑا تھا اُسی وقت ہی یہ رقم جمع کرانی چاہیے تھی۔
وکلاء نے استدعا کی کہ پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ اپیل پر مزید سماعت کل 23 فروری کو ہوگی۔