این اے 75 ضمنی انتخاب، گمشدہ نتائج کا معاملہ سماعت کیلئے مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)الیکشن کمیشن نے این اے 75 ضمنی انتخاب میں پولنگ سٹیشنز کے گمشدہ نتائج کے معاملے کو سماعت کیلئے مقرر کردیا،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن کیس کی سماعت کل کرے گا۔
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کو طلب کرلیا،ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار کوبھی نوٹس جاری کردیاگیا،ریٹرننگ آفیسر حلقے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پر اپنا بیان دیں گے ،23لاپتہ پریزائیڈنگ افسروں کے معاملے کی بھی جانچ ہو گی ۔الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کی امیدواراپنا موقف پیش کریں گی ،الیکشن کمیشن سماعت میں حلقے کا نتیجہ جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 75 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن کے نتائج میں تاخیر کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، ڈپٹی ریٹرننگ افسر نے رپورٹ تیار کرکے الیکشن کمشنر پنجاب کو بھیج دی جس میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمشنرپنجاب کو رات ڈھائی بجے نتائج نہ ملنے کی اطلاع دی گئی جس میں 360میں سے 20 پولنگ سٹیشنز کے نتائج موصول نہیں ہوئے تھے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صبح 6 بجے پولنگ سٹیشنز کے پریزائیڈنگ افسرمع پولنگ ریکارڈ واپس پہنچے تھے۔رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ جن 20 پولنگ سٹیشنز کے نتائج موصول نہیں ہوئے انکے نتائج میں ردو بدل کا خدشہ ہے۔