(24نیوز) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے پنجاب بھر کے ہونہار و مستحق طلبا و طالبات کے لئے رحمت اللعالمین سکالر شپ پروگرام کا آغاز کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ آفس میں رحمت اللعالمین سکالر شپ پروگرام کے اجراکی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رحمت اللعالمین سکالر شپ کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردارز عثمان بزدار نے کہاکہ نبی کریم سے منسوب رحمت اللعالمین سکالر شپ کا اجرا اعزاز ہے۔ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہو ںجس نے ہمیں یہ توفیق دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رحمت اللعالمین سکالر شپ پروگرام کے تحت پنجاب میں انٹرمیڈیٹ اور بی ایس آنرزکرنے والے 14891 طلبہ کو مجموعی طور پر 41 کروڑ 70لاکھ روپے کے وظائف دے رہے ہیں اوراسے بتدریج بڑھا یاجائے گا۔ اگلے بجٹ میں رحمت اللعالمین سکالر شپ کو ایک ارب روپے تک بڑھایا جائے گا۔رحمت اللعالمین سکالرشپ50 فیصد میرٹ پر ہونہار طلبہ کو اور 50 فیصد ضرورت مند اور نادار طلبہ کو دیئے جائیں گے ۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ہائر ایجوکیشن پورٹل کا آغاز کر دیا گیاہے ۔سکالر شپ کے لئے شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے آن لائن سسٹم اور کوائف کی آن لائن تصدیق کا اہتمام کیا گیاہے۔ سکالر شپ بینکوں کے ذریعے فراہم کئے جائیں گے۔طلبا وطالبات موبائل کے ذریعے اس ایپ پر اپلائی کرسکیںگے۔ہونہار اور نادار طلبہ کے لئے سکالر شپ کے فنڈ میں بتدریج اضافہ کیاجائے گا ۔ہر سال اس سلسلے کو مزید آگے بڑھایاجائے گا۔
انہوں نے کہاسرکاری کالجوںاور 30 سرکاری یونیورسٹیوں کے طلبا وطالبات رحمت اللعالمین سکالر شپ سے مستفید ہوں گے ۔سرکاری یو نیورسٹیوں میں بی ایس کرنے والے طلبہ کی پوری ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی ۔ انٹر میڈیٹ کرنے والے طلبہ کو ٹیوشن فیس کے ساتھ ساتھ سکالرشپ بھی دیاجائے گا ۔رحمت اللعالمین سکالرشپ سکیم میں حکومت پنجاب کے درجہ ایک سے چار تک کے ملازمین کے بچوں کا کوٹہ بھی مختص کیاگیاہے۔ حضرت محمدکی شخصیت اور کردار کے اعلیٰ ترین پہلو دنیا عالم کے سامنے لانے کےلئے ہر ضلع کی ایک یونیورسٹی میں رحمت اللعالمین چیئر بھی قائم کی جائے گی اوراس چیئر کے تحت محققین کو پی ایچ ڈی کے لئے سکالر شپ دئےے جائیں گے۔
عثمان بزدار نے کہاکہ نبی کریم نے ہمیشہ علم حاصل کرنے پر زور دیا -آپ نے یہ بھی حکم دیا گیا کہ علم حاصل کروں چاہے تمہیں چین جانا پڑے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تاریخ عالم میں نبی کریم کی سربراہی میں ریاست مدینہ جیسی شاندار اور بے مثال فلاحی مملکت نہ کبھی تھی اور نہ آئندہ آئے گی۔ریاست مدینہ میں مساوات، برابری،سماجی انصاف اور احتساب کے اصولوں نے رعایا کو ہر قسم کی فکر سے آزاد کیا-اسی ریاست مدینہ کے تصور کو ذہن میں رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پناہ گاہیں بنائی گئیں۔
طلبا کیلئے خوشخبری۔رحمت اللعالمین سکالر شپ پروگرام کا آغاز
Feb 22, 2021 | 19:41:PM