چینی سکینڈل، فائدہ اٹھانے والا کوئی نہیں بچے گا۔کارروائی کرینگے۔چیئر مین نیب

Feb 22, 2021 | 21:18:PM

  (24نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اعلی سطح کا اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب ، پراسکیوٹر جنرل نیب ، ڈی جی آپریشن نیب ، ڈی جی نیب راولپنڈی اور دیگر سینئر افسروں نے شرکت کی ۔
 اجلاس میں بتایا گیا کہ مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی شفاف ، غیر جانبدارانہ ، آزادانہ ، میرٹ اور قانون کے مطابق تحقیقات کے لئے تجربہ کار اور محنتی افسروں پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( CIT) تشکیل دی گئی تھی اجلاس میں مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔
 اجلاس میں مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات کے سلسلہ میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کو ہدایت کی کہ تحقیقات کو شفاف ،غیر جانبدارانہ ، میرٹ اور پروفیشنل انداز میں مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام صوبوں سے چینی سبسڈی سے متعلق تفصیلات معلوم کرنے کے علاوہ ایس ای سی پی سے متعلقہ کمپنیوں کی مالی اور آڈٹ رپورٹس اور دیگر متعلقہ اداروں سے متعلقہ معلومات حاصل کر کے معاملے کی تہہ تک پہنچا جائے ۔
 چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ میبنہ چینی سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات میں تمام متعلقہ افراد اور محکموں کو اپنی صفائی کا قانون کے مطابق پورا موقع فراہم کیا جائے اور غیر قانونی طریقہ سے چینی سبسڈی وصول کرنے والے ہر اس شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جن کو قواعد و ضوابط کے خلاف مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے نہ صرف چینی سبسڈی دی گئی بلکہ قومی خزانے کو بھی مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ۔

مزیدخبریں