(ویب ڈیسک) دہشت گردوں نے کلاچی کے علاقے مڈی میں پولیس وین کو نشانہ بنایا جس سے تین اہلکار زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔ ریمورٹ کنٹرول دھماکے سے پولیس موبائل میں موجود تین اہل کار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس ٹیم انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی کیلئے موجود تھی،دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، جب کہ بم ڈسوزل اسکواڈ ( بی ڈی ایس ) کی جانب سے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے گئے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردوں کے حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے وزیرستان اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو متعدد حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایس ایس جی کمانڈو کیپٹن حیدر عباس نے جام شہادت نوش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان کی پھرتی ۔ خوفناک حادثہ ٹل گیا