صنعتی ترقی کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا:عمران خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ صنعتی ترقی کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا،حکومت صنعتی استعداد بڑھانے اور سِک یونٹس کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین اور وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار مخدوخسرو بختیار نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم کو ملکی صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے حکومت کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حکومت کی کورونا وباء کے دوران کامیاب معاشی و کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت صنعتوں کا پہیہ چلتا رہا جس کی بدولت روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے. حکومت صنعتوں کی موجودہ استعداد کو بڑھانے اور سِک یونٹس کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کو مزید بتایا گیا کہ اس کے علاوہ صنعتوں میں روایتی شعبوں کے علاوہ نئے شعبوں کی شمولیت یقینی بنا رہی ہے جس کا مقصد درآمدی متبادل اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے. وزیرِ اعظم کے پاکستان میں صنعتوں کے فروغ کے ویژن کے عین مطابق، وزراتِ صنعت و پیداوار ملکی صنعتی پیداوار میں اضافے کیلئے صنعتوں کیلئے سہولیات کی فراہمی اور حائل رکاوٹوں کا سد باب یقینی بنا رہی ہے.
اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے ملکی انڈسٹریل بیس بڑھانے کیلئے اقدامات کو تیز کرنے، متعلقہ حکومتی اداروں کو باہمی تعاون بڑھانے اور اس حوالے سے ایک جامع پیکیج تیار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیں: بدترین مہنگائی۔حکومت نے جمہوریت کو تباہ کر دیا :شاہد خاقان عباسی