راولپنڈی (24 نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سری لنکن بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے ملاقات جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ علاقائی ممالک کو پائیدار امن و استحکام کیلئے مل کر کام کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سری لنکن بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں دور رس تعلقات کا خواہاں ہے، علاقائی ممالک کو پائیدار امن اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔سری لنکن بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کرتے ہوئے دونوں افواج کے مابین دفاع، تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ کمانڈرسری لنکن نیوی نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور بارڈر مینجمنٹ کے لئے پاکستان کی خصوصی کوششوں اور علاقائی استحکام میں کردار کی بھی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ازبک نائب وزیراعظم نے ملاقات کی جس میں باہمی اسٹریٹجک امور بشمول افغانستان، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم سردار عمر زاکوف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور سٹریٹجک امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ علاقائی سکیورٹی بالخصوص افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔دونوں جانب سے باہمی سکیورٹی اور دفاعی تعاون اور فوجی رابطوں کا دائرہ کار بڑھانے کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے موجودہ تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، پاکستان علاقائی ممالک کیساتھ دفاعی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے، عمر زاکوف نے پاکستان کے علاقائی سالمیت کیلئے کردار کو سراہا، ازبک نائب وزیراعظم نے پاکستان کی افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کرتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
یہ بھی پڑھیں: لائیو پروگرام میں یوکرین کے صحافی نے سیاست دان کو پھینٹی لگا دی، ویڈیو پھیل گئی