مارک شیٹ دینے میں تاخیر، طالب علم نے پرنسپل کو آگ لگا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ) بھارت میں سابق طالب علم نے مارک شیٹ دینے میں تاخیر پر پیٹرول چھڑک کر کالج کی پرنسپل کو آگ لگا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں پیر کے روز انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں فارمیسی کالج کے سابق طالبعلم آشوتوش شریواستو نے مارک شیٹ دینے میں تاخیر پر کالج کی پرنسپل کو اس وقت آگ لگائی جب وہ گھر کیلئے واپس جا رہی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگتے ہی پرنسپل کالج کی عمارت کی طرف بھاگیں جس کے بعد عملے نے فوری طور پر آگ بجھائی اور انہیں ہسپتال پہنچایا۔اس حوالے سے اندور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کا بتانا ہے کہ کالج کی پرنسپل ویمکتا شرما کا 90 فیصد جسم جھلس چکا ہے اور ان کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ ملزم کے ہاتھ اور سینے پر بھی زخم آئے۔
ضرور پڑھیں: لاہور، اورنج لائن ٹرین کا سیکیورٹی گارڈ مسافر کے تشدد سے جاں بحق
واقعے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر موجود کالج کے چوکیدار نے ملزم کو پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا جہاں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے امتحانات کا نتیجہ جولائی 2022 میں آیا تھا لیکن کئی بار درخواست کرنے کے بعد بھی کالج اسے مارک شیٹ فراہم نہیں کر رہا تھا جس کی وجہ سے اسے پرنسپل پر شدید غصہ تھا اسی لیے اس نے یہ قدم اٹھایا ۔