(24نیوز)سونا خریدنے والوں کیلئے اہم خبر آ گئی،ملک میں سونے کے بھاؤ میں آج 1400 روپے کی بڑی کمی ہو گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اس کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 95 ہزار 600 روپے ہے اسی طرح 10 گرام سونے کا بھاؤ 1201 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 67 ہزار 695 روپے ہے،عالمی صرافہ میں سونے کا بھاؤ 8 ڈالر اضافے سے 1840 ڈالر فی اونس ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں فی تولہ 500 روپے اضافہ کیا گیا تھا جس کےبعد فی تولہ سونا 1 لاکھ 97 ہزار روپے پر پہنچ گیا تھا ، دس گرام سونا 429 روپے اضافے سے 1 لاکھ 68 ہزار 896 روپے کا ہوااور ایک تولہ چاندی 20 روپے اضافے سے 2150 روپے پر پہنچی تھی ۔
دوسری جانب روپے کی قدر میں بہتری جاری ،انٹر بینک میں ڈالر 51پیسے سستا ہوگیا، انٹر بینک میں ڈالر 262.51 روپے سے کم ہوگیا ،اس وقت ڈالر 262روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے،مزید کمی کا امکان ہے،ماہرین کا کہنا ہے کہ برآمدات کی مد میں ڈالر موصول ہونے پر روپے کی قدر میں بہتری دیکھی جارہی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: سینکڑوں اشیاء پر100فیصد تک ریگولیٹری ڈیوٹیز کی مدت میں توسیع
یاد رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ اسی ہفتے ہو جائے گا،قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف حکومتی اخراجات کم کرنے کا پلان جلد ایوان میں پیش کریں گے، پروازوں کے بزنس کلاس پر 75 ہزار سے ڈھائی لاکھ تک فکسڈ ٹیکس عائد کر دیا ہے، وزیر خزانہ نے کہا کہ بجلی چوری، لائن لاسز اور بلوں کی عدم ادائیگی بڑے مسائل ہیں، 1450 ارب روپے وصول نہیں ہو رہے تاہم ٹیکس وصولیوں کی رفتار سست ہے، آئی ایم ایف کو بتا دیا ہے ضمنی بجٹ کا فیصلہ مجبورا لینا پڑا، کوئی شک نہیں کہ مہنگائی لوگوں کی برداشت سے باہر ہوگئی ہے لیکن یہ سب چار ماہ میں ہوا، مہنگائی چند ماہ کا نتیجہ نہیں، پچھلے دور حکومت میں پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کیا گیا، آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے توڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ میں نے نہیں سابق حکومت نے کیا تھا، سابق حکومت نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اور پھر اس پر عمل نہیں کیا، اگر 170 ارب روپے کے ٹیکس لگارہے ہیں تو کوشش کی ہے غریب عوام کے لئے مذاکرات کرلیں۔