اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ،سیاسی عمل میں مزید آگے لائینگے، مریم نواز

Feb 22, 2023 | 19:18:PM

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آگنائزرمریم نواز نے کہاہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے،اقلیتوں کو سیاسی عمل میں مزید آگے لائیں گے، خواتین اور نوجوانوں کو مزید مواقع دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کا لاہور میں اجلاس ہوا،سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے اجلاس کی صدارت کی،اجلاس میں پارٹی کے مائینارٹیز ونگ کے تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ،اجلاس میں مائینارٹیز ونگ کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے تجاویز پر مشاورت ہوئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ اقلتیںبرابر کے پاکستانی شہری ہیں،اقلیتوں نے پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے،اقلیتوں نے قیام پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جناح ؒکا ساتھ دیا،اقلیتوں نے قیام پاکستان، دفاع پاکستان اور تعمیر پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ غیرمسلم پاکستانی تعلیم، صحت اور خدمات عامہ میں شاندار کاوشیں کرتے آ رہے ہیں،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے،اقلیتوں کو سیاسی عمل میں مزید آگے لائیں گے، خواتین اور نوجوانوں کو مزید مواقع دیں گے۔
اقلیتی ونگ کے عہدیداروں نے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر مریم نواز کو مبارک دیتے ہوئے کہاکہ آپ نے تنظیمی دوروں کا آغاز کرکے کارکنوں کو زبان دی ہے، کارکنوں کی سرپرستی کرنے اور آواز بننے پر آپ کا شکریہ اداکرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کفایت شعاری اقدامات،وزیراعظم سمیت وزیروں ،مشیروں اور معاونین کاتنخواہیں نہ لینے فیصلہ

مزیدخبریں