پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات میں تاخیر ، چیف جسٹس پاکستان نے ازخودنوٹس لے لیا

Feb 22, 2023 | 21:05:PM

(24 نیوز)پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان نے از خود نوٹس لے لیا۔
 تفصیلات کے مطابق  چیف جسٹس سپریم کورٹ کی جانب سے از خود نوٹس پر سماعت کیلئے 9رکنی لارجر بنچ تشکیل دیدیاگیا ہے ،لارجر بنچ کل کیس کی سماعت کرے گا، سپریم کورٹ کی جانب سے  نوٹیفکیشن بھی جاری کر دی گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہےکہ از خود نوٹس میں دیکھا جائے گا کہ انتخابات کی تاریخ دینا کس کا اختیار ہے۔

لارجر بینچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے ہمراہ جسٹس اعجاز الاحسن ، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی ،جسٹس منصور علی شاہ،جسٹس منیب اختر ، جسٹس یحیی آفریدی ، جسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں ۔

سپریم کورٹ کل کی سماعت میں 3سوالات کاجائزہ لےگی، پہلا یہ کہ اسمبلی تحلیل ہونےپرالیکشن کی تاریخ دینا کس کی ذمہ داری ہے؟دوسرا ، انتخابات کی تاریخ دینے کا آئینی اخیتار کب اور کیسےاستعمال کرنا ہے؟تیسرا  اور اہم سوال وفاق اور صوبوں کے عام انتخابات کےحوالےسے ذمہ داری کیاہے؟۔

سپریم کورٹ نے کہاہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئے ایک ماہ سے زائد گزر چکاہے،ایک ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود تاحال انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی،صدر مملکت نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جس پر اعتراضات اٹھائے گئے،اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار وضاحت طلب ہے۔
سپریم کورٹ نے کہاہے کہ دیکھنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کیسے اور کون دے سکتا ہے،الیکشن کمیشن بھی سیکورٹی سمیت فنڈز نہ ملنے کی شکایت کر چکاہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی معروف اداکارہ دوران علاج انتقال کر گئیں

مزیدخبریں