عوام ایسی حکومت کو قبول نہیں کرینگے جسے ان کی حمایت حاصل نہ ہو،پرویز الٰہی

Feb 22, 2024 | 18:07:PM

(24 نیوز)تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کاکہنا ہے کہ پاکستانی عوام نے بانی پی ٹی آئی سے محبت کا ثبوت ووٹ کی صورت میں دیا،عوام ایسی حکومت کو قبول نہیں کریں گے جسے ان کی حمایت حاصل نہ ہو۔
چودھری پرویز الٰہی نے عدالت پیشی پر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاڈلوں نے راتوں رات پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کر لیا،سالک اور شافع پہلے گجرات کے عوام کا مینڈیٹ واپس کریں پھر بات کرنے کا سوچیں گے،گجرات، منڈی بہاو¿الدین، تلہ گنگ کا مینڈیٹ چوری کرنے والے اپنے کیفر کردار کو پہنچنے والے ہیں۔
صدرتحریک انصاف نے کہاکہ پاکستانی عوام نے بانی پی ٹی آئی سے محبت کا ثبوت ووٹ کی صورت میں دیا،بانی پی ٹی آئی عوام کے دلوں میں بستا ہے،عوام ایسی حکومت کو قبول نہیں کریں گے جسے ان کی حمایت حاصل نہ ہو،انشااللہ عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے ہر جنگ لڑیں گے۔ان کاکہناتھا کہ پاکستانی عوام نے ہمیں مایوس نہیں کیا، عوام بھی مایوس نہ ہوں،انشااللہ ان ووٹ چوروں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ ہم کوئی آئی ایم ایف کے ذمہ دار نہیں، یہ جانیں اور لاڈلے جانیں،مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کے ووٹ چوری کرنے والے ملک کو معاشی بحران سے نہیں نکال سکتے،عوام نے لاڈلوں کو مسترد کر دیا پھر یہ کس منہ سے عوامی مفاد کی بات کرتے ہیں، مینڈیٹ چور ملکی مفاد میں نہیں بلکہ اپنے مفاد کی خاطر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں،الیکشن مہم میں ایک دوسرے کے خلاف بولنے والے الیکشن کے بعد ایک بار پھر ملک لوٹنے کیلئے ایک ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے سے انتظامیہ کا انکار

مزیدخبریں