(24نیوز)مبینہ کرپشن اور اثاثوں کی انکوائری کے کیس میں پیشرفت،قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے داماد کو طلب کرلیا۔
نیب خیبر پختونخوا نے مولانا فضل الرحمٰن کے داماد فیاض علی کو 28 جنوری کو طلب کرلیا ہے۔قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فیاض علی نیب دفتر میں پیش ہو کر اپنا بیان قلم بند کرائیں۔ذرائع آمدن اور اثاثوں کی تفصیلات بھی نیب آفس لے کر آئیں۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فیاض علی اگر پیش نہیں ہوتے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کے داماد فیاض علی جے یو آئی ف کے سابق سینیٹر حاجی غلام علی کے صاحبزادے ہیں۔ سینیٹر حاجی غلام علی کا معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ابھی تک ہمیں نیب کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں ملا ۔2001ء میں نیب نے میرے خاندان کے خلاف انکوائری کی تھی، نیب نے مجھے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد میں عدالت سے باعزت بری ہوا تھا۔